(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور رنگ روڈ پر جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا تاکہ سکیورٹی اور ٹریفک نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
چیئرپرسن پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی صفی اللہ گوندل کے مطابق اس مرکز کے ذریعے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد گاڑیوں کی نگرانی کی جائے گی، منصوبے کے تحت مصنوعی ذہانت سے لیس جدید کیمروں کے ذریعے رفتار اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کی نگرانی ہو گی، جبکہ اسپیڈ ریڈار، وزن چیکنگ اسٹیشن اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر بھی نظر رکھی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ رنگ روڈ پر تیز رفتاری کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جرمانہ 500 روپے سے بڑھا کر 5000 روپے کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جس کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی گئی ہے۔
منصوبے کے تحت 42 بڑی اور 20 جزوی سکرینیں نصب کی جائیں گی اور اسے 871 ملین روپے کی لاگت سے چار ماہ میں مکمل کیا جائے گا، حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ٹریفک حادثات میں کمی اور شہریوں کیلئے محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔
