(لاہور نیوز) پنجاب میں سالانہ سکول امتحانات میں بے ضابطگیوں کے خدشے کے پیش نظر محکمہ سکول ایجوکیشن نے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے۔
ہدایات کے مطابق پنجاب بھر سے 25 فیصد سکول بیسڈ اسیسمنٹ (ایس بی اے) پرچوں کی الگ نظام کے تحت جانچ پڑتال کی جائے گی جبکہ سکول سربراہان کو اسیسمنٹ کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
غلط چیکنگ یا نتائج بڑھا چڑھا کر ظاہر کرنے پر متعلقہ سربراہان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور جعلی یا من گھڑت نتائج دینے والے سکولوں کو سزا دی جائے گی۔
محکمہ کے مطابق درست اور حقیقی نتائج پیش کرنے والے سکول سربراہان کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی، جبکہ افسران کی کارکردگی بھی اسیسمنٹ چیکنگ کے معیار سے جانچی جائے گی۔
نئی ہدایات کے تحت گریڈ آٹھ کے امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں اور پیکٹا گریڈ آٹھ کے امتحانات آزادانہ طور پر منعقد کرے گا، سرکاری اور نجی شراکت کے تحت چلنے والے سکولوں کو بھی امتحانی نظام خفیہ اور شفاف رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
