(ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے ٹریڈ ونڈو کھل گئی، یہ 18 مارچ تک اوپن رہے گی۔
اس دوران فرنچائزز ٹورنامنٹ کے قواعد اور تنخواہ کی حد کے مطابق کھلاڑیوں کی ٹریڈ کر سکیں گی جبکہ 2 فرنچائزز ایک دوسرے کے ساتھ کھلاڑی تبدیل بھی کر سکتی ہیں۔
ایک فرنچائز کسی کھلاڑی کو دوسری فرنچائز کو اس کے باقی رہ جانے والے تنخواہ کے بجٹ سے طے شدہ رقم کے عوض منتقل کر سکتی ہے، فرنچائزز کھلاڑیوں کا تبادلہ بھی کر سکتی ہیں جس میں ایک فرنچائز کو اضافی طے شدہ رقم بھی دی جا سکتی ہے۔
تمام عمل متعلقہ فرنچائز کی تنخواہ کے بجٹ کے اندر مکمل ہونا ضروری ہے، کسی بھی ٹریڈ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی منظوری کے بغیر حتمی نہیں سمجھا جائے گا۔
ملتان سلطانز کے حصول کے غیر معمولی حالات کی وجہ سے دیگر ٹیموں کی منظوری سے فرنچائز کو تنخواہ کی حد میں اضافی 1.2 کروڑ روپے کی سہولت دی گئی ہے، انہیں 2 اضافی کھلاڑیوں کے انتخاب کی اجازت بھی دے دی گئی جس کے بعد زیادہ سے زیادہ سکواڈ کا سائز 22 کھلاڑی ہوگا، وہ دیگر ٹیموں کی طرح میچ ڈے سکواڈ میں 20 پلیئرز تک محدود رہیں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 11 ویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، لیگ کے یہ مقابلے 26 مارچ سے 3 مئی تک 6 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔
