(لاہور نیوز) شاہدرہ ٹاؤن میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے میاں بیوی کو گرفتار کر لیا اور لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی اے ایس پی شاہ زیب کی سربراہی میں کی گئی، لاہور پولیس کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے موٹر سائیکل سوار دونوں ملزمان کو خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔
ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 19 کلو گرام چرس اور ایک کلو (1000 گرام) آئس برآمد ہوئی ہے، پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت دلدار اور اس کی بیوی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جب شاہدرہ ٹاؤن پولیس خفیہ اطلاع پر موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم انہیں گرفتار کر لیا گیا، ملزمان موٹر سائیکل پر پلاسٹک کے تھیلے کے ذریعے لاہور میں منشیات سپلائی کرتے تھے اور پولیس چیکنگ سے بچنے کیلئے میاں بیوی کے روپ میں سفر کرتے تھے۔
ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن رضوان چیمہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
ایس پی سٹی بلال احمد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہر کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے پولیس پرعزم ہے۔
