(لاہور نیوز) چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب نے ڈیرہ غازی خان سے ایک اور معصوم بچے کو تحفظ فراہم کر دیا۔ بیورو کی ریسکیو ٹیم نے مقامی مسجد میں لاوارث حالت میں ملنے والے نومولود بچے کو باقاعدہ طور پر اپنی قانونی تحویل میں لے لیا۔
چیئرپرسن سارہ احمد (تمغۂ امتیاز) نے بچے کو اپنی آغوش میں لیتے ہوئے اسے بیورو کے محفوظ ماحول میں منتقل کیا۔
چیئرپرسن سارہ احمد کے مطابق یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق کیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب کا کوئی بھی بچہ سڑکوں پر لاوارث یا عدم تحفظ کا شکار نہیں رہنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر جنوبی پنجاب، خصوصاً ڈیرہ غازی خان میں بچوں کے تحفظ کے دائرہ کار کو مزید فعال کر دیا گیا ہے۔
سارہ احمد نے مزید کہا کہ ریسکیو کیا گیا یہ بچہ اب ریاست کی نگرانی میں ہے اور اسے وہ تمام سہولیات، دیکھ بھال اور محبت فراہم کی جائیں گی جو اس کا بنیادی حق ہیں۔
ریسکیو کیے گئے بچے کا فوری طبی معائنہ بھی کروایا گیا ہے تاکہ اس کی صحت اور تندرستی کو یقینی بنایا جا سکے۔
