یوم علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے، خواجہ سلمان رفیق
(لاہور نیوز) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں یوم علی کرم اللہ وجہہ سکیورٹی انتظامات بارے اہم اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی ۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کی یوم علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے، مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور مزارات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
مقررین کسی بھی فرقے کے خلاف قابل اعتراض اور اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں،پنجاب بھر میں اسلحہ رکھنے اور اسکی نمائش پر سختی سے پابندی ہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت ہائی الرٹ رہیں گے، پنجاب کے عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا یومِ شہادت حضرت علیؓ پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔کواڈ کاپٹرز کے ذریعے مرکزی جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی،سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کو واٹس ایپ نمبرز 03073087777 اور 03073097777 پر رپورٹ کریں۔
