(لاہورنیوز) معروف بھارتی گلوکار پالاش سین نے کہا ہے کہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی منفرد آواز اور انداز نے ارجیت سنگھ سمیت بھارت میں مرد گلوکاروں کی ایک پوری نسل کو متاثر کیا ہے۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں 60 سالہ گلوکار پالاش سین نے کہا کہ عاطف کے بعد آنے والے بہت سے گلوکاروں نے ان کے انداز گائیکی کو اپنانے کی کوشش کی، اگر آپ بغور دیکھیں تو تقریباً ہر گلوکار نے عاطف اسلم کی طرح گانے کی کوشش کی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ارجیت سنگھ بھی ایک زمانے میں عاطف کے انداز میں گانے کی کوشش کرتے تھے، بعد میں انہوں نے اپنا الگ انداز اپنایا، موسیقی کی دنیا میں ایسا اکثر ہوتا ہے جب کوئی طاقتور آواز مقبول گائیکی کے انداز کو بدل دیتی ہے۔
پالاش سین نے کہا اسی طرح ایک زمانہ میں کمار سانو اور ابھجیت جیسے گلوکاروں پر محمد رفیع اور کشور کمار جیسے لیجنڈز کا اثر تھا، بااثر گلوکار ہمیشہ گہرا اثر چھوڑتے ہیں اور بہت سے لوگ ان جیسا بننے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ عاطف اسلم پاکستان سے ابھرنے والے سب سے کامیاب گلوکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے بھارت اور پورے جنوبی ایشیا میں کافی مقبولیت حاصل کی، انہوں نے 2000ء کی دہائی کے آغاز میں بینڈ جال کے ساتھ گایا ہوا گانا عادت سے شہرت حاصل کی۔
بالی وڈ میں وہ اس وقت مقبول ہوئے جب انہوں نے فلم عجب پریم کی غضب کہانی کے گانے تیرا ہونے لگا ہوں اور تو جانے نہ، فلم ریس کا پہلی نظر میں، فلم رمیا وستویا کا جینے لگا ہوں اور فلم ٹائیگر زندہ ہے کا دل دیاں گلاں گایا۔
