(لاہور نیوز) علاقائی صورتحال کے پیش نظر توانائی سپلائی پر اعلیٰ سطح جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بریفنگ دی گئی ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی اور ایوی ایشن فیول کے سٹاک تسلی بخش قرار دیئے گئے۔
اجلاس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور شپنگ روٹس کی صورتحال پر غور کیا گیا، آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ایل این جی اور ایل پی جی سپلائی چین کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، اجلاس میں متبادل سپلائی روٹس اور دوست ممالک سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ریڈ سی اور گلف کی بندرگاہوں کے ذریعے توانائی درآمدات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ریفائنری آپریشنز کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، توانائی بچت اقدامات قومی ہنگامی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا گیا۔
شرکا کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ اور ڈائیورژن روکنے کیلئے سخت ہدایات جاری کی گئیں۔
صوبائی چیف سیکرٹریز کل کے اجلاس میں شریک ہوں گے، قومی ایکشن پلان کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت جاری ہے، اجلاس میں وفاقی وزراء علی پرویز ملک، رانا تنویر حسین اور سردار اویس احمد خان لغاری نے شرکت کی۔
