سابق کرکٹرز پر بیانات کے بجائے اپنی کارکردگی سے تنقید کا جواب دو، آفریدی کا شاداب کو مشورہ
(ویب ڈیسک)سابق کپتان شاہد آفریدی نے قومی آل راؤنڈر شاداب خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سابق کرکٹرز پر بیانات دینے کے بجائے اپنی کارکردگی سے تنقید کا جواب دیں۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ شاداب اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی کامیابیوں کا دفاع کرنے میں حق بجانب ہیں، تاہم 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے بعد ٹیم عزت اور دباؤ کو سنبھالنے میں ناکام رہی۔
آفریدی کا کہنا تھا کہ شاداب بالکل درست کہہ رہا ہے۔ ہم ورلڈکپ میں بھارت کو نہیں ہرا سکے، انہوں نے ہرایا، انہیں عزت ملی، لیکن وہ اس عزت کو سنبھال نہ سکے۔
سابق کپتان نے کہا کہ عزت کو نہ سنبھالنے کا مطلب یہ ہے کہ 2021 کے بعد ٹیم اندرونی مسائل، انفرادی دباؤ اور اجتماعی طور پر ٹیم کے معاملات کو درست طریقے سے نہیں سنبھال سکی۔
شاہد آفریدی نے شاداب کو یہ بھی یاد دلایا کہ جب وہ خراب فارم کے باعث ٹیم سے باہر تھے تو کئی سابق کرکٹرز نے ان کی کھل کر حمایت کی اور ان کی آل راؤنڈ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔
آفریدی نے کہا کہ جب شاداب پرفارم نہیں کر پا رہا تھا اور ٹیم سے ڈراپ ہو رہا تھا، تو ہم ٹی وی پر بیٹھ کر کہتے تھے کہ شاداب ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کے اوورز بہت اہم ہیں اور وہ بیٹنگ بھی کر سکتا ہے، شاداب کے حق میں بات ہم ہی کرتے تھے۔
اگرچہ آفریدی نے شاداب کے اچھے اخلاق کی تعریف کی، تاہم انہوں نے ایک بار پھر یہی مشورہ دیا کہ تنقید کا بہترین جواب میدان میں کارکردگی ہے۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی پروفیشنل زندگی میں شدید تنقید بلکہ گالیاں تک دی گئیں، مگر انہوں نے برداشت کیا اور بڑی ٹیموں کے خلاف کارکردگی دکھائی۔
