(ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق بیٹر محمد یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بابر اعظم کی وجہ سے کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ میرا استعفیٰ ابتدائی طور پر قبول نہیں کیا گیا لیکن تیسری بار استعفیٰ منظور ہوگیا۔
محمد یوسف نے انکشاف کیا کہ جب بابر فارم میں نہیں تھے تو میں نے کہا کہ ان کی بیٹنگ تکنیک خراب ہو چکی ہے، وہ تین سال سے مستقل رنز نہیں بنا پا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا میں نے کہا کہ بابر اعظم کو آرام دیں، اکیڈمی میں تکنیک پر کام کیا گیا تو فارم واپس آ جائے گی، اس پر سب میرے خلاف ہوگئے، آخرکار میں نے کہا کہ استعفیٰ دے دیتا ہوں آپ جو کرنا چاہتے ہیں وہ کر لیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست پر بھی محمد یوسف نے کرکٹ میں سیاسی مداخلت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے موجودہ صورتحال کو ملکی کرکٹ کی تاریخ کا سیاہ ترین دور قرار دیا تھا۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے اور ضروری ہے کہ نااہل افراد کو نہ صرف عہدوں سے بلکہ ٹیم سے بھی ہٹایا جائے۔
انکا کہنا تھا کہ جب تک کرکٹ سے سیاسی اثر و رسوخ اور ذاتی مفادات کا مکمل خاتمہ نہیں ہوگا، اس وقت تک وہ مضبوط ٹیم تشکیل نہیں دی جا سکتی جو ماضی میں پاکستان کا وقار ہوا کرتی تھی۔
