کرپشن،اختیارات سے تجاوز اور بدسلوکی پرزیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائیگی: آئی جی پنجاب
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مریم نواز شریف کی جانب سے دیے گئے اہداف پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران سینئر افسران نے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی سی ایم ریفارمز میٹرکس پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تھانوں، فرنٹ ڈیسک، خدمت مراکز اور دیگر ورک پلیسز پر آنے والے شہریوں کی عزتِ نفس اور احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو کالز کر کے پولیس رویوں سے متعلق فیڈ بیک لیں اور ضروری ایکشن یقینی بنائیں۔ انہوں نے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر، ناقص تفتیش اور بدسلوکی کی شکایات پر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور بدسلوکی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے تھانوں کے باہر پنک بٹن کی تنصیب، سڑکوں اور ورک پلیسز پر تعینات اہلکاروں کو باڈی کیمرے فراہم کرنے کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ مزید برآں، اہلکاروں کی ذہنی و جسمانی گرومنگ اور رویوں میں بہتری کے لیے ٹریننگ سیشنز جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔
ایس ڈی پی اوز کے سپروائزری کردار کو مؤثر بنانے کے لیے بھی فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
