(لاہور نیوز) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے غزہ کی طرز پر کشمیر کیلئے بھی امن بورڈ کے قیام کا مطالبہ کر دیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال ملک نے کشمیر کے حوالے سے ایک سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
مشعال ملک نے کہا کہ بھارت جبر کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے مطالبے کو دبا نہیں سکتا، بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے۔
اس سے قبل کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر فرنٹ لائن پر لانے کا آئیڈیل وقت ہے مطالبہ کرتی ہوں گرفتار حریت رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے۔
مشعال ملک نے کہا تھا کہ مودی کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں ہے، ووٹ کیلئے مودی معاملات کو ایٹمی جنگ کی طرف لے جانے سے گریز نہیں کرتا لیکن اس کو بدترین شکست ہوئی اب وہ کسی کا سامنا نہیں کر پا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کا مطلب ہے مسئلہ کشمیر بھارت کا اندورنی نہیں کثیر الجہتی مسئلہ ہے، مذاکرات کیلیے امریکا اور چین کا بہت اہم رول ہو سکتا ہے۔
’شملہ معاہدے پر نظر ثانی کر کے اس کو مسترد کیا جائے اور مطالبہ کرتی ہوں گرفتار حریت رہنماوں کو فوری رہا کیا جائے۔‘
