(لاہور نیوز) رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے سرچ آپریشنز کا دائرہ وسیع کر دیا۔
لاہور سمیت مختلف اضلاع میں جرائم پیشہ اور مشتبہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 242 سرچ آپریشنز کئے گئے جن میں 7 ہزار 370 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 12 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
رواں سال اب تک مجموعی طور پر 16 ہزار 440 سرچ آپریشنز کئے جا چکے ہیں، جن کے دوران 6 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد کی چیکنگ کی گئی اور 1 ہزار 951 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کے دوران ملزمان کے قبضے سے 34 رائفلیں، 375 پسٹلز اور 58 بندوقیں برآمد کی گئی ہیں، اسلحہ برآمد ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ملک دشمن اور شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ڈور ناکنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
