وزیراعظم کا اماراتی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
اسلام آباد سے وزیر اعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے حالیہ دورہ پاکستان اور ملاقاتوں کو خوشگوار قرار دیا، اماراتی صدر کے دورہ اسلام آباد اور رحیم یار خان کا خیر مقدم کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے مشکل حالات میں اماراتی تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
