(لاہور نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ میں آئی سی سی کی درخواست پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، اس سلسلے میں لاہور میں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں چیئرمین پی سی بی نے اپنا فوکس بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پر رکھا ہے، محسن نقوی نے عمران خواجہ کو واضح طور پر کہا کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومت پاکستان کا ہے اور اس میچ کے انعقاد یا منسوخی کا حتمی اختیار بھی حکومت ہی کے پاس ہے۔
ملاقات کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے پاکستان کی طرف سے اظہار یکجہتی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی آئندہ ایک سے دو روز میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
