(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کی آمد کے پیشِ نظر سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ کر دیا گیا۔
آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے بسنت کے محفوظ انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
آئی جی پنجاب کے مطابق صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو منظور شدہ پتنگیں اور ڈوریں فروخت کرنے کی اجازت ہو گی جبکہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے واضح کیا کہ لاہور پولیس پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت، بسنت سے متعلق حکومتی ایس او پیز کی مکمل چیکنگ اور ان پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔
راؤ عبدالکریم نے کہا کہ لاہور میں بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی رویوں پر قانون فوری حرکت میں آئے گا، صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے، لاہور میں بھی سخت حکومتی شرائط اور قوانین کے تحت صرف مخصوص دنوں میں ہی بسنت کی اجازت دی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 150 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 157 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر منظور شدہ 39 ہزار 667 پتنگیں اور 248 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ صرف لاہور میں غیر قانونی پتنگوں اور ڈوروں کے کاروبار میں ملوث 67 ملزمان گرفتار کئے گئے، جن کے قبضے سے 7 ہزار سے زائد پتنگیں اور 41 ڈور چرخیاں برآمد ہوئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور پتنگوں کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 3 ہزار 998 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ ان کے قبضے سے 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد پتنگیں اور 7 ہزار 374 ڈور چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں تاکہ بسنت فیسٹیول کو محفوظ، پُرامن اور خوشگوار بنایا جا سکے۔
