(لاہور نیوز) قومی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور نے کی۔
اجلاس میں پنجاب کے 36 اضلاع کے محکمہ صحت کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عدیل تصور نے کہا کہ پولیو وائرس کے خلاف حاصل کی گئی مثبت رفتار کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے، لاہور کے تمام چھ ماحولیاتی نمونہ جاتی مقامات کی رپورٹس منفی آئی ہیں جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
عدیل تصور کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت صوبائی قیادت، محکمہ صحت اور پولیو ٹیموں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، تاہم کسی بھی قسم کی غفلت پولیو کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 2 فروری سے پنجاب بھر میں قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، جس کیلئے تمام انتظامی اور فیلڈ سطح کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں عدیل تصور نے پولیو کے ضلعی بہتری کے پلانز کو مکمل طور پر فعال کرنے، پولیو مہم کی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ قومی انسداد پولیو مہم کے بعد تمام اضلاع کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور غفلت یا ناقص کارکردگی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
