(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ملاوٹ سے پاک پنجاب مشن کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے لاہور میں بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر ڈائریکٹر آپریشنز نے بحریہ ٹاؤن میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 27 معروف فوڈ چینز، ریسٹورنٹس اور ملک شاپس کی چیکنگ کی۔
کارروائی کے دوران فوڈ قوانین کی خلاف ورزی پر 5 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 72 ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ ایک مقدمہ درج کیا گیا، اس کے علاوہ ناقص صفائی اور غیر معیاری اشیاء کے باعث 2 معروف فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کو بند کر دیا گیا اور بھاری مقدار میں ناقص اشیاء تلف کر دی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق 17 فوڈ پوائنٹس کو مزید بہتری کیلئے اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے، چیکنگ کے دوران ریسٹورنٹس میں ناقص سٹوریج، گندے اور فنگس زدہ فریزر، زنگ آلود برتنوں کے استعمال، ٹوٹے اور گندے فرش پر اشیاء خورونوش کی تیاری جیسے سنگین مسائل سامنے آئے۔
مزید بتایا گیا کہ کئی مقامات پر ناقص آئل میں فرائنگ کی جا رہی تھی، ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس موجود نہیں تھے اور فوڈ سیفٹی ٹریننگ بھی نامکمل پائی گئی، چیکنگ کے دوران مختلف اشیاء خورونوش کے 9 سیمپلز لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ لاہور کی تمام چھوٹی بڑی فوڈ مارکیٹس کی مؤثر نگرانی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو روزانہ کی بنیاد پر صبح اور رات کے اوقات میں مصروف مارکیٹس میں چیکنگ کر رہی ہیں، ریڑھیوں، ڈھابوں اور چھوٹے فوڈ پوائنٹس پر کام کرنے والوں کو مفت فوڈ سیفٹی ٹریننگ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
عاصم جاوید نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں، جعلسازوں کے خلاف صوبہ بھر میں بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور پنجاب میں خوراک کا کاروبار صرف قوانین کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ فوڈ ہائجین، کوالٹی، لازم ریکارڈ اور فوڈ ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں۔
