(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزراء واعلیٰ حکام نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے سرپرائز دوروں کا آغاز کر دیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اچانک دورے پر گورنمنٹ لیڈی ایچیسن ہسپتال لاہور پہنچ گئے۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر صحت نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، آؤٹ ڈور، لیبارٹری اور فارمیسی کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ایم ایس گورنمنٹ لیڈی ایچیسن ہسپتال لاہور نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت کے ہمراہ سپیشل سیکرٹری آپریشنز محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نبیلہ عرفان، کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اور ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ عبدالمتین جنجوعہ بھی موجود تھے۔
خواجہ سلمان رفیق نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہارکیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت علاج کی فراہمی کے لئے پر عزم ہیں، ہیلتھ کیئر سروس ڈیلیوری میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ ہسپتال میں کسی مریض کو کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے، ہسپتالوں کے سرپرائز وزٹس جاری رہیں گے، حکومت ہسپتالوں کو اربوں روپے کے بجٹ عوام کے علاج معالجہ کیلئے فراہم کرتی ہے۔
