(لاہور نیوز) گجومتہ کے علاقے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک بڑے کریک ڈاؤن کے دوران ایکسپائر اشیائے خورونوش کی بھاری مقدار برآمد کر کے تلف کر دی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں کی گئی، روہی نالہ گجومتہ میں واقع ایک گودام سے ریڈی ٹو سپلائی 14 ہزار کلوگرام زائد المیعاد اشیائے خورونوش برآمد ہوئیں، جنہیں موقع پر ہی قوانین کے مطابق تلف کر دیا گیا۔
برآمد ہونے والی اشیاء میں ایکسپائر گھی، آئل، بوتلیں، جوس، سنیکس، پاپڑ، آٹا، دودھ، بسکٹ اور پانی شامل ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ایکسپائر اشیاء کو غیر قانونی طور پر فریش سٹاک کے ساتھ رکھا گیا تھا اور ان کے تلف کئے جانے کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا، خلاف ورزی پر گودام مالک کو 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
عاصم جاوید نے مزید بتایا کہ گودام مالک کو 24 گھنٹوں کے اندر تمام تر ٹریسیبیلٹی ریکارڈ اور ضروری دستاویزات پیش کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی گئی ہے، ریکارڈ کی عدم فراہمی یا رد و بدل کی صورت میں مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ پنجاب میں خوراک کا کاروبار صرف اور صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے، زیادہ منافع کی لالچ میں عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ غذائی دہشتگردوں اور فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف نو کمپرومائز پالیسی پر عمل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے کو ملاوٹ سے پاک بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے۔
