(لاہور نیوز) فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر معروف ریسٹورنٹس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے چار معروف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر ایک معروف ریسٹورنٹ کو بند کر دیا گیا، جبکہ قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر تین فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں ناقص کولڈ ڈرنکس اور دو من سے زائد مختلف ناقص اشیائے خورونوش تلف کی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ متعدد فوڈ پوائنٹس پر ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ فنگس لگے فریزرز میں ایکسپائرڈ گوشت اور گلی سڑی سبزیاں موجود تھیں، جبکہ کھلی نالیاں، گندا واشنگ ایریا اور بدبودار ماحول بھی دیکھا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی موقع پر موجود نہیں تھے، اصلاحی نوٹس دینے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ناقص اجزاء سے تیار کردہ خوراک انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صحت دشمن عناصر کے خاتمے کیلئے تمام فوڈ پوائنٹس کی مسلسل چیکنگ جاری ہے اور پنجاب بھر میں ملاوٹ و جعلسازی مافیا کا قلع قمع کرنا فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
