(لاہور نیوز) شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیشِ نظر مختلف موٹرویز کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن ، موٹروے ایم 11 لاہور تا سیالکوٹ بند ہے، لاہور ایسٹرن بائی پاس بھی ٹریفک کیلئے بند ہے۔
موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ ،موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور شورکوٹ سے ملتان ، موٹروے ایم 5 ملتان سے روہڑی تک بند رکھا گیا۔
ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کے باعث ٹریفک کا دباؤ قومی شاہراہوں پر منتقل ہو گیا ہے، تاہم موٹروے پولیس قومی شاہراہوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنا رہی ہے۔
قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پھول نگر، پتوکی ، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال، اقبال نگر اور میاں چنوں میں شدید دھند موجود ہے۔ کئی مقامات پر ٹکڑوں کی صورت میں دھند پائی جا رہی ہے جو ڈرائیونگ کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دن کے وقت سفر کو ترجیح دیں، صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر کو محفوظ سمجھا جاتا ہے، مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
