(لاہور نیوز) لاہور میں بسنت کے دوران عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی لاہور نے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی اور شہر بھر میں جدید ڈرون کیمروں کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔
سیف سٹی حکام کے مطابق بسنت کی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے لاہور کے مختلف اہم مقامات پر 30 جدید سرویلنس کیمرے نصب کیے گئے ہیں، شہر کی چھ ڈویژنز میں سے ہر ڈویژن کی نگرانی پانچ ڈرون کیمروں کے ذریعے کی جائے گی تاکہ تمام بڑے علاقوں کی مؤثر کوریج ممکن بنائی جا سکے۔
حکام نے بتایا کہ تعینات کیے گئے ڈرونز نائٹ وژن ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، جس کی بدولت غروبِ آفتاب کے بعد بھی مؤثر نگرانی کی جا سکے گی، یہ ڈرونز بسنت کی تقریبات کے تینوں دن لاہور بھر میں فعال رہیں گے۔
لاہور پولیس بھی ڈرون نگرانی کے ذریعے خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرے گی، اس کے علاوہ سیف سٹیز اتھارٹی کے عملے کو اضافی نگرانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جو تینوں شفٹس میں فرائض انجام دے گا تاکہ مسلسل نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں، بسنت کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جاری کردہ سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام سرویلنس کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔
