(لاہور نیوز) وسطی لاہور کو بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے سے محفوظ بنانے کیلئے واسا لاہور کے حاجی کیمپ ڈرین منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
گیارہ کلومیٹر طویل حاجی کیمپ ڈرین منصوبے کا دس کلومیٹر حصہ مکمل کر لیا گیا جبکہ باقی ایک کلومیٹر پر کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایم ڈی واسا لاہور نے شام نگر روڈ پر واقع حاجی کیمپ ڈرین منصوبے کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر ڈی ایم ڈی واسا نے ایم ڈی واسا کو منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی پہلوؤں اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حاجی کیمپ ڈرین منصوبہ تقریباً 12 کلومیٹر پر محیط ہے جو حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک جائے گا، یہ ڈرین میکلورڈ روڈ، مال روڈ، میلگن روڈ، نابھہ روڈ، چوبرجی روڈ اور شام نگر سے گزرتے ہوئے دریائے راوی میں جا کر شامل ہو گی۔
ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور سیوریج و نکاسی آب کے نظام کو پائیدار اور دیرپا بنیادوں پر مکمل کیا جائے، انہوں نے شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
