(لاہور نیوز) غیر معیاری اور ملاوٹی خوراک کی روک تھام کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر شیخوپورہ روڈ، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ، برکت ٹاؤن اور ملتان روڈ میں چھاپے مارے گئے۔
کارروائیوں کے دوران 4 فوڈ بزنسز کی انسپکشن کی گئی، جن میں سے 3 یونٹس کو بند جبکہ ایک کو 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اس موقع پر 200 لٹر ملاوٹی دودھ اور ناقص خام مال تلف کر دیا گیا، جبکہ 1 چلر، 3 ڈرم اور 10 کین ضبط کئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع معروف آئل و گھی مل کا سیمپل فیل ہونے پر یونٹ کو فوری طور پر بند کر دیا گیا، اسی طرح سابقہ کارروائی میں بند کئے گئے ملک کولیکشن سینٹر کو بغیر اجازت دوبارہ کام کرنے پر سامان ضبط کرتے ہوئے یونٹ سیل کر دیا گیا۔
شیخوپورہ روڈ پر واقع فاسٹ فوڈ پوائنٹ کو ناقص سٹوریج، چوہوں اور چھپکلیوں کی موجودگی اور گندے فریزر پائے جانے پر بند کر دیا گیا، کچن ایریا میں بدبودار ماحول، ٹوٹے فرش اور گندا پانی کھڑا ہونا بھی پایا گیا۔
مزید برآں، معروف کیچپ ساسز بنانے والے یونٹ کو ناقص انتظامات اور فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ پنجاب بھر میں ملاوٹ کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی، فوڈ پوائنٹ چھوٹا ہو یا بڑا، خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں۔
