16 Jan 2026
(لاہور نیوز) وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر میں شوگر ملز، فیڈ ملز اور مختلف بیکریز کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ایف بی آر کے مطابق اس سلسلے میں مختلف بیکریز اور ملز کے کاروباری احاطوں میں ان لینڈ ریونیو افسران کی تعیناتیاں شروع کر دی گئی ہیں، یہ مانیٹرنگ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 175 سی کے تحت کی جائے گی۔
تعینات افسران بیکریز اور ملز کی سیلز، پرچیز، سروسز کی وصولی، رسیدوں کے اجرا اور ٹیکس ریکارڈ کی مکمل نگرانی کریں گے تاکہ ٹیکس وصولی کے عمل میں شفافیت اور درستگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مانیٹرنگ کا بنیادی مقصد ٹیکس چوری کا خاتمہ اور قومی خزانے میں ریونیو کا اضافہ ہے، جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
