(ویب ڈیسک) سردیوں کے موسم میں جسم میں ہونے والی مختلف تبدیلیاں سوزش والی بیماریوں میں اضافہ کر دیتی ہیں جس سے درد اور جسم کی اکڑن بڑھ جاتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق جوڑوں کے درد، گٹھیا (آرتھرائٹس) اور پٹھوں کی تکالیف میں مبتلا افراد اس موسم میں زیادہ متاثر ہوتے ہیں، سرد موسم میں خون کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں جس کے باعث جوڑوں تک خون اور غذائیت کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، نتیجتاً درد اور اکڑن میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
اس کے علاوہ ہوا کے دباؤ میں کمی جوڑوں کے اردگرد موجود ٹشوز پر دباؤ ڈالتی ہے جس سے تکلیف مزید بڑھ جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں میں جوڑوں کو فعال رکھنے والا سیال گاڑھا ہو جاتا ہے جبکہ خشک اور ٹھنڈی ہوا ناک اور سانس کی نالیوں میں سوجن پیدا کر کے دمہ، نزلہ، زکام، سائنوس اور دیگر سانس کی بیماریوں کو بھی بگاڑ سکتی ہے، دھوپ کی کمی کے باعث جسم میں وٹامن ڈی کی سطح کم ہو جاتی ہے جو سوزش کو کنٹرول کرنے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔
سردیوں میں سوزش کم کرنے کیلئے اہم اقدامات
طبی ماہرین نے سرد موسم میں جسم کو صحت مند رکھنے کیلئے چند آسان مگر مؤثر اقدامات تجویز کئے ہیں:
مچھلی، سبز پتوں والی سبزیاں، تازہ پھل، خشک میوہ جات، ہلدی اور ادرک پر مشتمل غذاؤں کا استعمال بڑھائیں۔
پانی کا استعمال زیادہ کریں تاکہ جسم میں خشکی نہ ہو۔
ہلکی پھلکی ورزش جیسے چہل قدمی یا یوگا کو معمول بنائیں اور وزن کو قابو میں رکھیں۔
روزانہ 7 سے 9 گھنٹے کی بھرپور نیند لیں۔
ذہنی دباؤ کم کرنے کیلئے مراقبہ یا گہری سانس کی مشقیں کریں۔
گرم کپڑے پہنیں اور جسم کو سردی سے محفوظ رکھیں۔
گھروں میں نمی برقرار رکھنے کیلئے ہیومیڈیفائر کا استعمال کریں۔
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سردیوں کے دوران جوڑوں میں درد یا سوجن مسلسل بڑھتی جائے، جوڑوں میں شدید سرخی یا اکڑن پیدا ہو جائے، دمہ یا سانس کے مسائل بگڑ جائیں یا ہاضمے میں غیر معمولی تبدیلیاں محسوس ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
