(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں شدید سردی کی لہر کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں دھند اور فضائی آلودگی شہریوں کیلئے مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔
لاہور میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد تک پہنچ چکا ہے، شہر میں پانچ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس کے باعث سردی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز تک لاہور کا موسم سرد اور خشک رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔
دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ایک بار پھر خطرناک صورتحال سے دوچار ہو گیا، ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق لاہور آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے جہاں مجموعی شرح 205 ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے، اقبال ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 231، ماڈل ٹاؤن میں 211، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 195، سول سیکرٹریٹ میں 186، کینٹ میں 185 اور چمن پارک میں 182 ریکارڈ کی گئی، اسی طرح عسکری ٹین میں آلودگی کی سطح 170 جبکہ گلبرگ ٹو میں 164 ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور ماسک کے استعمال کا مشورہ دیا ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید سرد موسم کے باعث سانس کی بیماریوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو گرم لباس کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اتھارٹی نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ سخت موسمی حالات کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے، لہٰذا کاشتکار حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔
