آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، 2026ء کے اہداف کیلئے جامع لائحہ عمل کا جائزہ
(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سال 2026ء کے لیے پولیس کو دیے گئے اہداف کی تکمیل کے لیے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے کرائم کنٹرول، منشیات کے خاتمے، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور پولیس ویلفیئر سے متعلق سال نو کے اہداف سے آگاہ کیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے “محفوظ پنجاب ویژن” کے تحت خواتین اور بچوں سے زیادتی اور تشدد ریڈ لائن ہے، اس ضمن میں پولیس افسران ایسے تمام کیسز کی فوری یکسوئی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کرائم کنٹرول اور منشیات کے تدارک کے لیے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو سال نو میں کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا کہ صوبہ بھر میں پتنگ بازی ہرگز قابلِ برداشت نہیں اور اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں بھی سخت حکومتی شرائط اور قوانین کے مطابق مخصوص دنوں میں ہی بسنت کی اجازت دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر، سکیورٹی اور پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے پولیس ویلفیئر اور پروموشنز کے ذریعے فورس کا مورال بلند رکھا جائے۔ انہوں نے آر پی اوز کو 2026ء میں پولیس کارکردگی اور سروس ڈیلیوری مزید بہتر بنانے کے لیے واضح ٹارگٹس مقرر کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کے کڑے احتساب کی ہدایت بھی کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کی دیکھ بھال، فورس کی ویلفیئر اور فاسٹ ٹریک پروموشنز رواں سال بھی اولین ترجیح رہیں گی۔
انہوں نے سیف سٹیز منصوبوں، ایس پیز انوسٹی گیشن دفاتر، ٹریفک لائسنسنگ سنٹرز، ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز، خدمت مراکز اور پولیس بیرکس کی تکمیل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
