(ویب ڈیسک) ملک میں ڈیجیٹل رسائی میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔
ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل رسائی میں نمایاں بہتری آئی ہے، سال 2024-25 کے دوران ملک کے 96 فیصد گھرانوں کو موبائل یا سمارٹ فونز کی سہولت حاصل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 70 فیصد سے زائد گھرانے انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں، جو 2019 کے مقابلے میں دو گنا سے زیادہ اضافہ ہے، خیبر پختونخوا 77 فیصد کے ساتھ ڈیجیٹل رسائی میں سرفہرست رہا، جبکہ انفرادی سطح پر انٹرنیٹ استعمال 17 فیصد سے بڑھ کر 57 فیصد ہو گیا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک بھر میں 92 فیصد افراد موبائل فونز استعمال کرتے ہیں، شہری علاقوں میں خواتین کا انٹرنیٹ استعمال مردوں سے زیادہ ہے، جبکہ مجموعی طور پر مرد و خواتین میں انٹرنیٹ کے استعمال کا تناسب تقریباً برابر ہو چکا ہے، رپورٹ میں ڈیجیٹل آگاہی، آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل مہارتوں میں بھی بہتری کی نشاندہی کی گئی ہے۔
