(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے’’ دھی رانی پروگرام‘‘ کا دائرہ کار 3 ہزار سے بڑھا کر 5 ہزار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے ’’دھی رانی پروگرام‘‘ میں نقد گرانٹ 1 لاکھ سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کرنے کی بھی منظوری دے دی ۔
فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے مالی سال 2025-26 کے لیے’’دھی رانی پروگرام‘‘ کے لیے ایک ارب 70کروڑ روپے مختص کر دیئے ،پروجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی نے بھی اس اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
’’دھی رانی پروگرام‘‘ کے وینڈرز کی 66 کروڑ روپے کی ادائیگیاں بجٹ میں شامل نہ ہو سکیں،اس پروگرام کی میڈیا مہم کے بقایا بل رواں مالی سال میں ادا کیے جائیں گے۔
فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اشتہاری مہم ڈی جی پی آر کے ذریعے چلانے کی ہدایت کر دی،پنجاب کے 36 اضلاع میں دھی رانی تقریبات کی برینڈنگ کے لیے 5 کروڑ روپے درکار ہیں،مالی سال 2025 اور 26 میں 5 ہزار شادیوں کے لیے بی او پی کارڈز پر 80 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔
فنانس ڈیپارٹمنٹ نے اضافی 22 کروڑ 30 لاکھ روپے مانگنے کی تجویز مسترد کر دی اور دھی رانی پروگرام کو ایک ارب 70کروڑ روپے کی منظور شدہ رقم میں ہی مکمل کیا جائے گا۔
