اقلیتوں سے ناانصافی یا زیادتی پر قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا، وزیر اعظم
(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے ساتھ کسی صورت زیادتی نہیں ہونے دیں گے، کسی بھی اقلیتی شخص سے ناانصافی یا زیادتی پر قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔
وزیراعظم ہاؤس میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کرسمس منانے کیلئے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں، حضرت عیسیٰ نے انسانیت کو ظلم وجبر سے نجات دلائی، حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مریم سلام اللہ علیہا کی تعلیمات آج بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں خاص طور پر مسیحی برادری کا قابل قدر اور تاریخی کردار ہے، قیام پاکستان سے آج تک تمام اقلیتوں نے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کیا، مسیحی برداری نے تعلیم، طب، دفاع سمیت ہر شعبے میں گراں قدرخدمات انجام دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں سال مئی میں پاکستان نے فیلڈمارشل کی ولولہ انگیز قیادت میں دشمن کے چھکے چھڑا دیئے، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں بھارت کے 7 جہاز گرائے اور 8 ویں کو شدید نقصان پہنچا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میرے قائد نواز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی، نوازشریف بطور وزیراعظم دیوالی اور کرسمس کے تہواروں میں شریک ہوئے اسلام نے مساوات، عدل، انصاف اور برابری کا ہمیشہ سبق دیا، نبی کریمﷺ کے اسوہ حسنہ پر نظر دوڑائیں تو نچوڑ یہ ہے کہ انسانیت کے ساتھ بردباری اورمحبت سے پیش آؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم مسلح افواج میں مسیحی افسران اور جوانوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، پاکستان میں ہرشہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، مسجد، مندر، گرجاگھر یا گوردوارہ میں سب کو عبادات کی آزادی حاصل ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔
