(مدثر علی رانا) حکومت نے رواں مالی سال کے دوران جولائی سے نومبر تک مجموعی طور پر 858 ارب روپے کا قرض حاصل کر لیا۔
دستاویزات کے مطابق صرف نومبر کے مہینے میں 144 ارب روپے کا قرض لیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی طور پر 741 ارب روپے قرض حاصل کیا گیا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال جولائی سے نومبر کے دوران 117 ارب روپے زائد قرض لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق نومبر میں اکتوبر 2025 کے مقابلے میں 4 کروڑ ڈالر اضافی قرض حاصل کیا گیا، نومبر کے دوران 31 کروڑ 45 لاکھ ڈالر باہمی اور کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت حاصل کئے گئے جبکہ 19 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس بھی جاری کئے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں 198 ارب روپے، اگست میں 192 ارب روپے، ستمبر میں 124 ارب روپے اور اکتوبر میں 133 ارب روپے کا قرض حاصل کیا گیا تھا۔
