(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ میں بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ میں مقدمات کی دائری کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کا نظام نافذ ہو گا، لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے فریقین مقدمہ کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی جائے گی۔ اس کے علاوہ گواہان اور ضامنین کی بھی بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی جائے گی۔
عدالتی بائیومیٹرک سسٹم کو نادرا کے ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت نادرا ای سہولت پر بھی میسر ہو گی، اس کے علاوہ پرنسپل سیٹ ،ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی بنچز پر بائیومیٹرک تصدیق سسٹم نافذ ہو گا۔
ضلعی عدلیہ میں بھی فریقین مقدمہ، گواہان اور ضامنین کی بائیومیٹرک تصدیق ہوگی، عدلیہ میں بائیو میٹرک تصدیق سے جعلی مقدمہ بازی سے نجات ملے گی۔ اسکے علاوہ ڈیجیٹل نظام سے جعل سازی کا خاتمہ ہو گا، جعلی گواہان اور ضامنین کا تدارک ہو گا۔
