(لاہور نیوز) سیف سٹی اتھارٹی نے ای چالان کی رقم ادا نہ کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں مقامی پولیس کی مدد سے نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا تاکہ واجب الادا رقوم کی وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیف سٹی اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ای چالان نادہندہ گاڑیوں کی تفصیلی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں، جن میں لاکھوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔
اتھارٹی جدید کیمروں کے ذریعے نادہندہ گاڑیوں کی نشاندہی کرے گی اور متعلقہ مقامی پولیس کو فوری طور پر اطلاع دی جائے گی تاکہ موقع پر کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
حکام کے مطابق ای چالان کی رقم جمع نہ کروانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں گرفتاریاں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔
سیف سٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانا اور شہریوں میں قانون کی پاسداری کو فروغ دینا ہے۔
