(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے زرعی ویژن کے مطابق صوبہ پنجاب میں ٹماٹر کے پیداواری دورانیے کو بڑھانے اور غیر موسمی کاشت کے فروغ کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے شرکت کی، اجلاس میں ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے ماہرین سے تفصیلی تجاویز طلب کی گئیں۔
وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹماٹر کی غیر موسمی کاشت میں اضافے کیلئے موزوں علاقوں کی نشاندہی کا کام متعلقہ فارمیشنز کو سونپ دیا گیا ہے۔
وزیر زراعت نے کہا کہ ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے ذریعے پورا سال بلا تعطل ٹماٹر کی پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے، جس سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہو گا بلکہ مارکیٹ میں قیمتوں میں استحکام بھی آئے گا، ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے کسانوں اور متعلقہ افراد کیلئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔
سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ گھروں کی چھتوں پر ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے نفاذ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے ماہرین سے عملی تجاویز طلب کی گئی ہیں، گھریلو سطح پر سمال ہائیڈروپونک سسٹمز لگانے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیر زراعت کے مطابق غیر موسمی سبزیوں کی پیداوار میں اضافے سے صارفین کو ان کی قوتِ خرید کے مطابق سبزیاں دستیاب ہوں گی اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے ماہرین کو چھوٹے پیمانے پر ہائیڈروپونک سٹرکچر لگانے کیلئے قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، یونیورسٹی کے ماہرین سے ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے سستے اور مؤثر ماڈلز کی فراہمی کیلئے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
