(لاہور نیوز) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا خصوصی اجلاس صدر اے سی سی محسن نقوی کی زیر صدارت اے سی سی ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایشیا کپ انڈر 19 ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد اور بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، محسن نقوی نے ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر اے سی سی کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ انڈر 19 کے کامیاب انتظامات اے سی سی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں، اے سی سی کی ٹیم اس کامیابی پر خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔
اجلاس میں ایشیا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہائی پرفارمنس سینٹرز قائم کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا، شرکاء نے جدید ہائی پرفارمنس سینٹرز کے قیام کی باضابطہ منظوری بھی دی۔
صدر اے سی سی محسن نقوی نے بتایا کہ وہ ایشیائی ممالک جن کے پاس اس نوعیت کی سہولتیں موجود نہیں، انہیں ترجیحی بنیادوں پر ان ہائی پرفارمنس سینٹرز سے استفادہ کرنے کا موقع دیا جائے گا تاکہ خطے میں کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے سی سی کے ہائی پرفارمنس سینٹرز کے دائرہ کار کو مرحلہ وار بڑھایا جائے گا، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تربیتی سہولتیں فراہم ہوں گی اور ایشیا میں کرکٹ کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔
