(لاہور نیوز) کور کمانڈر لاہور نے نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) لاہور کا خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کی، دورے کے موقع پر ایک خصوصی نشست کا بھی انعقاد کیا گیا۔
کور کمانڈر لاہور نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پوری قوم پاک فوج کا فخر ہے اور دشمن پاک فوج اور عوام کے مضبوط اور ناقابلِ شکست رشتے سے خائف ہے،آپریشن بنیان المرصوص نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ قوم اور پاک فوج سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہیں، دشمن کی تمام تر سازشوں کے باوجود قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔
دورے کے دوران کور کمانڈر لاہور نے نیشنل کالج آف آرٹس میں آپریشن بنیان المرصوص ہالز کا باضابطہ افتتاح بھی کیا، پاک افواج کے اعزاز میں طلبہ کی جانب سے تیار کردہ شاندار پینٹنگز کی نمائش کا جائزہ لیا جن میں معرکۂ حق کی کامیابیوں اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا تھا۔
نشست کے اختتام پر طلبہ نے پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، معرکۂ حق کے بعد پاکستان عالمی بیلنس آف پاور میں ایک مؤثر طاقت کے طور پر ابھرا ہے اور پاک افواج کی قربانیوں کی بدولت پاکستان آج دنیا میں عزت و وقار کے ساتھ کھڑا ہے۔
طلبہ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ دشمن کے ہر قسم کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
