(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں انسداد پولیو مہم سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ، انسداد پولیو مبصرین اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں جاری پولیو مہم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
سی ای او ہیلتھ نے مہم کے چوتھے روز تک کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں اب تک 17 لاکھ 9 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جبکہ چوتھے روز 4 لاکھ 15 ہزار بچوں کو ویکسین دی گئی۔
انسداد پولیو مبصرین نے فیلڈ میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا، ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی تحصیلوں میں سو فیصد ویکسینیشن یقینی بنانے، غیر موجود بچوں تک رسائی تیز کرنے اور داخلی و خارجی راستوں سمیت ٹرانزٹ پوائنٹس پر ویکسینیشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے زیرو پولیو پنجاب کے ویژن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے پولیو کے خاتمے کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔
