(لاہورنیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہجرت کے حق کی پاسداری عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اوورسیز پاکستانی ملک کے معاشی اور سماجی سفیر ہیں۔
ہجرت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہجرت سنت نبویؐ ہے، ہجرت میں برکت ہے، قیام پاکستان کے بعد دنیا کی سب سے بڑی ہجرت کی گئی، دنیا بھر میں سماجی، معاشی اور ثقافتی تبدیلیوں کی وجہ سے کی گئی ہجرت سب سے بڑی حقیقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہجرت معاشروں کو نئی توانائی، تنوع اور مواقع فراہم کرتی ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردارناقابل فراموش ہے، ہجرت کرکے بیرون ملک مقیم پاکستانی ہر سال اربوں ڈالر ترسیلاتِ زر بھیج کر ملکی معیشت کو مضبوط کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مائیگریشن محض ہجرت نہیں بلکہ ہنر، قابلیت، جدت اور تجربے کا عالمی تبادلہ بھی ہے، ہجرت نے دنیا بھر میں مزدوروں، پروفیشنلز اور طلبہ کیلئے نئی راہیں کھولی ہیں، ہجرت کا عمل مختلف معاشروں کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے، انسانی حقوق، تحفظ اور باعزت سلوک ہر مہاجر کا بنیادی حق ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہجرت کے حق کی پاسداری عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اوورسیز پاکستانی ملک کے معاشی اور سماجی سفیر ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی مائیگریشن نا صرف جانوں کو خطرے میں ڈالتی ہے بلکہ یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے، غیرقانونی مائیگریشن کے سدباب کیلئے عوامی شعور اور قانونی راستوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے، حکومتِ پنجاب اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل، شفافیت اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔
ہنگو کلاس غازی آبدوز کی لانچنگ پر مبارکباد
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ہنگو کلاس غازی آبدوز کی لانچنگ پر مبارکباد پیش کی۔
مریم نواز شریف نے ہنگو کلاس آبدوزوں کی تیاری کے لئے پاک چین اشتراک کار کو سراہا اور سمندری دفاع کے لئے پاک بحریہ کی خدمات کو خراج تحسین کیا۔
