(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی کولڈ ڈرنکس کی تیاری اور سپلائی کرنے والے یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے بند کر دیا۔
اس کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر تیار کی گئی ہزاروں جعلی بوتلیں، مشینری اور مختلف برانڈز کی تیار بوتلیں ضبط کی گئیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے راوی ٹاؤن شاہدرہ میں جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والے ایک یونٹ پر کریک ڈاؤن کیا، اس یونٹ میں نان فوڈ گریڈ مواد سے اصل جیسی نقلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں، جو قوانین کے خلاف تھی۔
یونٹ میں 2 ہزار خالی تیار بوتلیں، 8 ڈائی، بلوئنگ مشین، کوڈنگ مشین، کمپریسر اور مختلف برانڈز کی تیار بوتلیں ضبط کی گئیں۔
عاصم جاوید نے بتایا کہ استعمال شدہ بوتلوں کی دوبارہ کوڈنگ اور لیبلنگ کی جا رہی تھی، جس سے جعلی مصنوعات کی مارکیٹ میں فراہمی کا خطرہ بڑھ رہا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ضبط شدہ بوتلیں مختلف یونٹس کو سپلائی کی جانی تھیں، ویجیلنس ٹیموں کو ریکی کر کے اس سپلائی چین کا پتہ لگا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ جعلی کولڈ ڈرنکس کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔
عاصم جاوید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر غذائی دہشت گردوں کو پنجاب میں کوئی جگہ نہیں دی جائے گی، عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے والوں کو پنجاب میں کاروبار کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور ایسے افراد کو سخت سزا دی جائے گی۔
