(لاہور نیوز) سول سروسز اکیڈمی میں زیرِ تربیت افسران کے لیے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں منعقدہ دو روزہ خصوصی کورس کا اختتامی دن مکمل ہو گیا۔
اس موقع پر پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں پروقار اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے خصوصی شرکت کی۔
پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے زیرِ تربیت افسران کو خصوصی لیکچر دیا، جس میں عدالتی نظام، قانون کی بالادستی، آئینی ذمہ داریوں اور سول سروس افسران کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
جسٹس جواد حسن نے کہا کہ سول سروس افسران اور عدلیہ کے درمیان ہم آہنگی مؤثر گورننس اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے، اختتامی تقریب میں ڈی جی پنجاب سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ، سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کو یادگاری سووینئر پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ جسٹس جواد حسن، ڈی جی پنجاب سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ اور سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی کو بھی یادگاری سووینئرز پیش کیے گئے۔
اختتامی تقریب میں زیرِ تربیت افسران نے کورس کو معلوماتی اور عملی تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حاصل کردہ تربیت ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں معاون ثابت ہوگی۔
