(لاہور نیوز) سال 2025 محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کیلئے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ریونیو کے لحاظ سے ایک بہترین سال ثابت ہوا۔
ڈائریکٹر موٹر برانچ کے مطابق رواں سال لاہور میں 7 لاکھ سے زائد گاڑیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔
محکمہ ایکسائز کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر تقریباً 5 فیصد گاڑیوں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف قانون کی عملداری کو بہتر بنایا گیا بلکہ رجسٹریشن کے نظام کو بھی شفاف بنایا گیا۔
ڈائریکٹر ریجن سی شاہد گیلانی نے بتایا کہ سال 2025 ایکسائز کے ریونیو کے حوالے سے بھی انتہائی کامیاب رہا، رواں سال کے آخری پانچ ماہ میں موٹر برانچ نے 12 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس ریونیو جمع کیا، جو ایک نمایاں کامیابی ہے۔
حکام کے مطابق گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی رجسٹریشن اور ٹیکس وصولی سے صوبائی خزانے کو مضبوط بنانے میں مدد ملی ہے جبکہ جدید ڈیجیٹل نظام کے باعث شہریوں کو بھی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔
