وزیراعلیٰ پنجاب نے بے گھر صنعتی کارکنوں کیلئے 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی مکمل کر لی
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بے گھر صنعتی کارکنوں کے لیے نئے تعمیر شدہ 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی مکمل کرلی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بٹن دباکر قرعہ اندازی کا آغاز کیا اور کامیاب صنعتی ورکرز کو مبارکباد دی،ان کے حکم کے مطابق قرعہ اندازی کے بعد 720 کارکن اپنے نئے گھر کے مالک بن گئے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ بیواؤں اور خصوصی ضرورت رکھنے والے افراد کے لیے الگ سے فلیٹس مختص کیے جائیں، دورانِ گفتگو انہوں نے صنعتی ورکرز کے لیے مزید 1872 فلیٹس آئندہ 18 ماہ میں مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
دوسری جانب مریم نواز نے شیخوپورہ میں قائداعظم بزنس پارک میں 700 کارکنوں کے لیے بیچلر ہاسٹل کی تکمیل 3 ماہ کے اندر یقینی بنانے کی ہدایت کی اور خصوصی کارکنوں کی سہولت کے لیے گراؤنڈ فلور پر فلیٹس مختص کرنے کا حکم دیا۔
اِس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صنعتی ورکر ندیم طاہر کو فون کر کے مبارکباد دی اور کہاکہ اپنے والدین کو ساتھ رکھیں کیوں کہ ان کی دعاؤں سے آپ کو یہ فلیٹ ملا ہے۔
