کرسمس پر مسیحی برادری کے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں ایڈوانس میں ادا کرنے کا فیصلہ
(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے سرکاری ملازمین اور پینشنرز کیلئے ایک اہم اور خوش آئند اقدام کا اعلان کیا ہے۔
حکومت نے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے تمام وفاقی ملازمین کو دسمبر کی تنخواہ اور پینشن ایڈوانس میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ نے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے، مراسلے کے مطابق مسیحی برادری کے تمام وفاقی ملازمین اور پینشنرز کو ان کی تنخواہ اور پینشن 22 دسمبر کو ادا کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں میں سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مذہبی تہوار بھرپور انداز میں منا سکیں، سرکاری ملازمین اور پینشنرز نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے ان کیلئے کرسمس کی تیاریوں میں آسانی پیدا ہو گی۔
مسیحی رہنماؤں اور ملازم تنظیموں نے بھی وفاقی حکومت کے اس اقدام کو بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
