(لاہور نیوز) سیشن کورٹ لاہور نے بیوی کو قتل کرنے کے مقدمے میں مجرم شوہر مدثر کو عمر قید اور تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
قتل کیس کا فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج اعجاز احمد بوسال نے سنایا، استغاثہ کے مطابق تھانہ شفیق آباد پولیس نے یہ مقدمہ سال 2024 میں درج کیا تھا۔
پراسیکیوٹر بلال نے عدالت کو بتایا کہ مجرم مدثر اور مقتولہ عائشہ کی شادی 13 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے ہاں تین بیٹیاں پیدا ہوئیں، مجرم بیٹیاں پیدا ہونے پر اکثر مقتولہ سے لڑائی جھگڑا کرتا تھا، واقعے کے روز مجرم نے گھریلو تنازع کے دوران اپنی اہلیہ عائشہ کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔
استغاثہ کی جانب سے کیس کے دوران مجرم کے خلاف 14 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا گیا، جن کی شہادتوں اور دستیاب شواہد کی روشنی میں عدالت نے مجرم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد اور قتل جیسے سنگین جرائم کسی صورت قابلِ برداشت نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
