(لاہور نیوز) پنجاب بھر کے سرکاری کالجز میں سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
ڈی پی آئی کالجز پنجاب کی جانب سے ڈویژنل ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور تمام کالجز کے پرنسپلز کو ترجیی بنیادوں اور موسٹ ارجنٹ بنیادوں پر مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری کالجز میں فوری طور پر نجی سکیورٹی کمپنیوں سے معاہدے کئے جائیں، اس ضمن میں حکومت پنجاب کی جانب سے لائسنس یافتہ 128 نجی سکیورٹی کمپنیوں کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے، جن میں سے سکیورٹی عملہ ہائر کیا جائے گا۔
ڈی پی آئی پنجاب کے مطابق ہر کالج میں ایک سکیورٹی سپروائزر اور تین مسلح سکیورٹی گارڈز تعینات کئے جائیں گے، اس طرح ہر کالج کا سکیورٹی عملہ چار افراد پر مشتمل ہو گا، سکیورٹی سپروائزر کو ایک ہتھیار رکھنے کی اجازت ہو گی۔
احکامات میں کہا گیا ہے کہ نجی سکیورٹی عملہ فوری طور پر ہائر کیا جائے، فنانس ڈیپارٹمنٹ سے فنڈز کی فراہمی تک سکیورٹی اہلکاروں کی ادائیگیاں عارضی طور پر کالج فنڈز سے کی جائیں گی جبکہ ابتدائی مرحلے میں معاوضہ کالجز خود ادا کریں گے۔
ڈی پی آئی پنجاب نے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد کالجز میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور طلبہ، اساتذہ و عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، تمام متعلقہ افسران کو احکامات پر فوری اور مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
