(لاہور نیوز) پنجاب میں پولیو کے خاتمے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “پولیو فری پنجاب” ویژن کے تحت عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔
اسی سلسلے میں لاہور میں 7 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال میں ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ اور سی ای او ہیلتھ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق اس مہم کے دوران شہر بھر میں 5 سال سے کم عمر 22 لاکھ 30 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر میں 5,825 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ہسپتالوں اور مراکز صحت میں 371 فکسڈ ٹیمیں ویکسینیشن کے فرائض انجام دیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر 214 ٹرانزٹ پوائنٹس فعال کر دیئے گئے ہیں جہاں آنے جانے والے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز ڈیجیٹل ڈیش بورڈ میں درست اور بروقت اندراج یقینی بنائیں جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں مہم کی خود نگرانی کریں، انہوں نے واضح کیا کہ دوران مہم فیلڈ سٹاف کو ہر قسم کی لاجسٹکس اور مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
سید موسیٰ رضا نے پولیو ورکرز پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے ساتھ مثبت اور شائستہ رویہ اپنائیں، فرنٹ لائن ورکرز کی محنت سے ہی پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہے اور بچوں کی صحت و حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ نسل نو کو ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
