14 Dec 2025
(لاہور نیوز) خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی 2 مختلف کارروائیاں میں13خوارج ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 دسمبر کو انٹیلی جنس بیسڈ کی گئی کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 13 خوارج کو جہنم واصل کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ضلع مہمند میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پہلی کارروائی کی گئی جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
اِسی طرح سکیورٹی فورسز کی بنوں میں ایک اور کارروائی میں 6 خوارج مارے گئے، شرپسندوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور اسلحہ برآمد ہوا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اِن علاقوں میں مزید ممکنہ خوارج کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، ملک سے غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
