لاہور کے داخلی راستوں پر چہرہ شناسائی کیمرے نصب، جرائم پیشہ افراد کی انٹری مشکل
(ویب ڈیسک) شہر میں جرائم پیشہ افراد کی آمد و رفت کی نگرانی سخت کرنے کیلئے لاہور پولیس اور سیف سٹی اتھارٹی نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا۔
اس مقصد کیلئے لاہور کے 6 بڑے داخلی راستوں پر فیشل ریکگنیشن کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن کے ذریعے سیف سٹی کے ریکارڈ میں موجود ہر کریمنل کے لاہور میں داخل ہوتے ہی پکڑے جانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
حکام کے مطابق ناکوں سے 100 میٹر پیچھے فیس ریکگنیشن کیمرے لگائے گئے ہیں جو گاڑیوں میں بیٹھے افراد کی چہرہ شناسائی کے ذریعے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم پر مبنی سافٹ ویئر سے الرٹ جنریٹ کریں گے، جیسے ہی الرٹ جاری ہو گا، 100 میٹر کے فاصلے پر موجود اہلکار مشکوک گاڑی یا ڈرائیور کو فوری طور پر روک کر کارروائی کر سکیں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ لاہور پولیس نے تمام ناکوں کو سٹریم لائن کرنے کا کام شروع کر دیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہر میں سکیورٹی مزید مضبوط بنائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ نظام شہر میں قانون شکن عناصر کی نقل و حرکت محدود کرنے اور بروقت گرفتاری کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
